بھٹکل:11/مارچ (ایس او نیوز)ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نئی صنعتکاری پالیسی پورے ملک میں مثالی پالیسی ہے۔ ریاست میں صنعت کاری کی ترقی کے نتیجے میں لاکھوں روزگار کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ریاستی کابینہ کے انڈسٹریل منسٹر آر وی دیش پانڈے نے کیا۔
وہ یہاں تعلقہ کے سرپن کٹے کے صنعتکار علاقے میں بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ داروں کو صنعت کاری کے لئے زمین فروخت کی جاتی ہے ، پیسہ کمانےکےلئے نہیں۔ جہاں صنعت کاری کے لئے مواقع میسر ہیں وہاں ترقی ہونی چاہئے، کیونکہ اسی سے روزگار کے مواقع پیدا کرنا مقصود ہے۔ ضلع میں صنعت کاری کے متعلق کیا کچھ پیش رفت ہوئی ہے کیا کرنا چاہئے اس سلسلے میں آئندہ تین دنوں میں جانکاری لے کر اقدامات کئے جائیں گے۔ ابھی تک ضلع میں صنعت کاری کی ترقی کےلئے 17کروڑ ر وپئے منظورہوئے ہیں، جو سڑک تعمیر، اندرونی نالیوں کی تعمیر وغیرہ کے لئے استعمال کی جائے گی۔ اسی طرح سیاحت کے میدان میں بھی ہمارا ضلع کافی ترقی کررہاہے، مرڈیشور کےلئے 2.5کروڑروپئے سے زائد رقم منظورکی گئی ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی منکال وئیدیا، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، ضلع کانگریس صدر بھیمنانائک، منجوناتھ نائک، دیوی داس آچاریہ، بھٹکل اے سی منجوناتھ، بھٹکل صنعتی سرمایہ دار سنگھ کے نائب صدر سراج الدین وغیرہ موجود تھے۔ ضلع صنعت کار محکمہ کے افسر گوپال کرشنا نے استقبال کیا۔